*جموڑیہ کے سری پور ہاٹ ہائی اسکول میں انٹرا اسکول فٹبال ٹورنامنٹ 2026 کا شاندار انعقاد*
جموڑیہ کے سری پور ہاٹ ہائی اسکول (ہائر سیکنڈری) میں طلبا و طالبات کی ہمہ جہت ترقی، کھیلوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرنے کے مقصد سے انٹرا اسکول فٹبال ٹورنامنٹ 2026 کا شاندار اور کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر طلباو طالبات نے بھرپور جوش، نظم و ضبط اور بہترین کھیل کے جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس سے پورا اسکول کھیلوں کے جشن میں تبدیل ہوگیا۔

تقریب کی صدارت اسکول کے پرنسپل بیدیاناتھ مشرا نے کی۔ مقابلے کی کامیاب نگرانی اسکول کے جسمانی تعلیم کے استاد سچن منڈل نے کی جبکہ نظامت کے فرائض راج کمار راجوار انجام دیے۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شامل ماسٹر محمد افضل نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ “کھیل صرف جیت اور ہار کا نام نہیں بلکہ نظم و ضبط، قیادت، خود اعتمادی اور ٹیم ورک سکھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔”
طلبہ کے زمرے میں کلاس نہم نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ درجہ ہفتم رنر اپ رہی۔ اسی طرح طالبات کے زمرے میں درجہ دوازدہم چیمپئن اور درجہ ہفتم رنر اپ قرار پائی۔

“پلیئر آف دی ٹورنامنٹ” کا اعزاز طلبہ کے زمرے میں درجہ نہم کے ارشاد اور طالبات کے زمرے میں درجہ ہفتم کی کانچن کو دیا گیا۔
اختتامی تقریب میں فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرافی، میڈل اور تعریفی اسناد پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔ مہمانِ خصوصی، پرنسپل اور اسکول کے اساتذہ نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
کھیل کود کے اس مقابلے کو کامیاب بنانے میں اسکول کے تمام تدریسی وغیرتدریسی عملہ نے اہم کردار ادا کیا۔ خصوصاً رمن پرساد، سنجے پرساد شرما، امتیاز حسین، منصور عالم، گلاب پانڈے، اکھلیش کمار یادو، راجیش پرساد نونیا، اکشے منڈل، دیپنکر منڈل، امرناتھ سنگھ، اوشا کماری، شاہینہ نازیہ، صبا انجم، سچن منڈل اور اسکول کے استاد، سماجی کارکن اور بٹو انٹرنیشنل میموریل فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد سبیر حسین نے نمایاں اور قابلِ ستائش خدمات انجام دیں۔

آخر میں پرنسپل جناب بیدیاناتھ مشرا نے تمام فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسکول آئندہ بھی اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے اور وہ ضلع، ریاست اور قومی سطح پر اسکول اور جاموڑیا کا نام روشن کریں۔










