سالگرہ کی تقریب سے واپسی کے دوران آسنسول میں قومی شاہراہ 19 پر المناک سڑک حادثہ۔ یہ واقعہ نیشنل ہائی وے 19 پر آسنسول نارتھ پولیس اسٹیشن کے کلا موڑ کے نزدیک اتوار کی نصف شب میں پیش آیا۔ ملی جانکاری کے مطابق درگا پور سے آرہی ایک اسکارپیو تیز رفتاری کی وجہ سے اپنا تواڑن کھو بیٹھی اور قومی شاہراہ کے کنارے کھڑے منی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ مہلوکہ خاتون کا نام عائشہ رائے (25) ہے جو جنوبی 24 پرگنہ کے سونار پور تھانہ کے سبھاش گاؤں کی رہنے والی ہے۔ 6 زخمیوں کے نام نیلیش چودھری (30)، پریتی بھارتی (25)، محمد سہج الدین (27)، پرسن جیت پاسوان (24)، سندیپ ماجی (23) اور پرمود رائے (25) ہیں۔ زخمی افراد آسنسول کے ہیرا پور تھانے کے تحت برن پور کے دھروپ ڈنگال علاقوں کے رہنے والے ہیں۔ ان 6 کو آسنسول ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان میں سے دو کی حالت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے انہیں آج صبح درگاپور کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا۔ زخمیوں میں نیلیش چودھری کار چلا رہا تھا۔ اس کی شادی مہلوکہ عائشہ رائے سے ہونے والی تھی۔ ان کی رجسٹری شادی تین ماہ قبل ہوئی تھی۔
اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی
نارتھ ٹریفک گارڈ او سی محمد اشرف الاسلام ہائی وے پٹرول کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ بعد میں آسنسول نارتھ تھانہ پولس اسٹیشن کے آفیسر انچارج امیت ہلدر کے ساتھ آسنسول نارتھ پولس اسٹیشن کے دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچے۔
پولس ذرائع کے مطابق اتوار کی آدھی رات کے قریب کل سات لوگ ایک اسکارپیو کار میں برتھ ڈے پارٹی کے لیے درگاپور سے آسنسول آرہے تھے۔ ایک منی ٹرک قومی شاہراہ نمبر 19 کے بائیں جانب آسنسول نارتھ پولیس اسٹیشن کے کلا موڑ کے پاس کھڑی تھی۔ تیز رفتاری کے دوران اسکارپیو نے کنٹرول کھو دیا اور منی ٹرک کے پیچھے ٹکر ماردی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیو کا اگلا حصہ مڑ کر ٹرک کے پچھلے حصے سے جا ٹکرایا۔ کچھ دیر کوشش کرنے کے بعد پولس نے سات زخمیوں کو آسنسول ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔ بعد میں عائشہ رائے کا وہیں انتقال ہو گیا۔
خبر سن کر ساتوں افراد کے اہل خانہ اور رشتہ دار آسنسول ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچے۔ اس المناک واقعے نے رائے خاندان اور دیگر افراد میں غم کا سایہ چھا گیا ۔
پولیس کے مطابق منگل کو مجسٹریٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر عائشہ رائے کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد مانا جا رہا ہے کہ تیز رفتاری کی وجہ سے ڈرائیور کو اپنے سامنے کھڑے منی ٹرک کا احساس نہیں ہوا۔ اسی لیے یہ حادثہ پیش آیا۔ دونوں گاڑیوں کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔



















