*“وقف بچاؤ ، دستور بچاؤ کانفرنس” کی کامیابی کےلئے آسنسول میں بیداری پروگرام*
*خصوصی رپورٹ*
*امتیاز احمد انصاری ، آسنسول*
مسلمانوں کے وقف کی جائدادوں کو ہڑپنے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے وقف ترمیمی قانون کے نام پر جو کالا قانون لایا ہے اس کی مخالفت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی قیادت میں ہندوستان گیر پیمانے پر ملک بھر کے مسلمان کررہے ہیں۔ بڑے بڑے احتجاجی جلسے،پریس کانفرنس کے ساتھ بتی گل اور انسانی زنجیر بناکر اس کالا قانون کے خلاف احتجاج درج کرایا جاچکاہے۔ اب آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ودیگر ملی تنظیموں کی تجویز پر امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ،جھاڑکھنڈ ومغربی بنگال کےزیراہتمام آئندہ 29 جون بروز اتوار ،بوقت 11بجے دن گاندھی میدان پٹنہ میں “وقف بچاؤ ، دستور بچاؤ کانفرنس” کاانعقاد کیا جارہا ہے۔ اس کانفرنس کی صدارت امیر شریعت بہار،جھاڑکھنڈ،اڈیشہ ومغربی بنگال و سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کریں گے۔ اس کانفرنس کو کامیاب بنانے اور اوقاف کے تحفظ ،شریعت کی حفاظت اور دستوری حقوق حاصل کرنے کے لئے لاکھوں کی تعداد میں گاندھی میدان پہنچ کر احتجاج درج کرانے کے مقصد سے مذکورہ چاروں ریاستوں کے عام مسلمانوں تک امارت کےذمہ داران پہنچ کر نہ صرف اس قانون کے نقصانات بیان کررہے ہیں بلکہ دستوری طریقے سے احتجاج کا راستہ اپناکر اس قانون کو واپس لینے کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کے مقصد سے منعقدہ اس کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل بھی کررہے ہیں۔ اسی کڑی کے طور پر امارت شرعیہ،پٹنہ سے تعلق رکھنے والے مولانا خالد رحمانی کی قیادت میں دارالقضاء امارت شرعیہ آسنسول کے قاضی شریعت مفتی زبیر احمد قاسمی، آسنسول تحفظ اوقاف کمیٹی کے کنوینر مفتی سعید اسعد قاسمی اور جہانگیری محلہ مسجد کے امام وخطیب مفتی شکیل الرحمٰن قاسمی ودیگر ائمہ مساجد آسنسول واطراف کے مساجد کا دورہ کرکے مقتدیوں تک اپنی بات اور پیغام پہنچانے میں منہمک ہیں۔ جمعہ کی شب بعد نماز عشاء جہانگیری محلہ مسجد میں مولانا خالد رحمانی نے نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے وقف کی تاریخ اور اس کی اہمیت وافادیت پر گفتگو کرتے ہوئےموجودہ حکومت کے ذریعہ لائے گئے وقف ترمیمی قانون کے نقصانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔موصوف نے صاف لفظوں میں کہا کہ یہ قانون ملک کے دستور کے خلاف ہے اور ہماری شریعت کے خلاف ہے اس لئے ہم اس کی پرزور مخالفت کرتے ہیں اور اس وقت تک اس کی مخالفت کرتے رہیں گے جب تک اسے واپس نہ لیا جائے۔ ہمارا ملک جمہوری ملک ہے اور جمہوریت میں سر گنے جاتے ہیں۔اس لئے آئندہ 29 جون اتوار کے دن گاندھی میدان پٹنہ میں ہونے والے وقف بچاؤ ،دستور بچاؤ کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنے کی گذارش کی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جو لوگ بھی اس کانفرنس میں شامل ہونا چاہتے ہیں وہ مفتی شکیل الرحمٰن قاسمی سے رابطہ قائم کریں اور امارت کی جانب سے دئیے گئے پروفارمہ میں اپنا نام اور تفصیلات درج کرادیں۔مفتی زبیر احمد قاسمی اور مفتی سعید اسعد قاسمی نے بھی نہ صرف جہانگیری محلہ بلکہ آسنسول واطراف کے تمام مسلمانوں سے اس کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقے کی مسجد کے امام صاحب کی قیادت میں جماعت کی شکل میں پٹنہ پہنچنے کی ترتیب بنانے کی بات کہی تاکہ یہ کانفرنس ایک تاریخی کانفرنس بن جائے اور حکومت کو یہ پیغام دیا جائے کہ اوقاف اور شریعت کی حفاظت کے لئے ملک کے تمام مسلمان ایک ہیں۔


















