بدھ کی شام آسنسول کے اسماعیل علاقے میں درگا مندر کے قریب واقع ایک ٹرانسفارمر میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے افرا تفری مچ گئی۔ گروپرب کے موقع پر علاقے میں پہلے سے ہی زبردست بھیڑ جمع تھی، جس کے باعث آگ لگتے ہی خوف و ہراس اور افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آگ کے سبب اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام لگ گیا۔ صورتِ حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے آسنسول پولیس اور فائر بریگیڈ نے فوری کارروائی کی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچتے ہی کارروائی میں جٹ گئیں اور ان کی بروقت کوششوں سے صرف 20 منٹ کے اندر آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا بڑی تباہی کی اطلاع نہیں ملی، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ تاہم آگ لگنے کے بعد علاقے میں بجلی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور لوگ اندھیرے میں رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ بجلی محکمہ نے ٹرانسفارمر کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے، جبکہ فائر بریگیڈ اور پولیس کی فوری کارروائی کی مقامی لوگوں نے بھرپور تعریف کی ہے۔




