ای سی ایل کے سینٹرل کاجوڑا کولیری علاقے میں کولیری انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر بیرونی رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت دیے جانے کے بعد مقامی آبادی میں شدید تشویش پھیل گئی ہے۔ بدھ کی صبح سینٹرل کاجوڑا کولیری میں رہائشیوں نے انہدام اور بے دخلی کے خلاف زبردست احتجاج کیا، جس میں مقامی ترنمول کانگریس قیادت بھی ان کے ساتھ کھڑی نظر آئی۔ احتجاج کے دوران حکمراں جماعت کے جھنڈوں کے ساتھ مظاہرہ کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق سینٹرل کاجوڑا کولیری کے لچھی پور علاقے میں گزشتہ 30 سے 40 برسوں سے تقریباً 500 خاندان مقیم ہیں۔ حال ہی میں کولیری انتظامیہ کی جانب سے بیرونی رہائشیوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکم کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پینے کے پانی اور بجلی کی سپلائی منقطع کر دی جائے گی۔
اس اعلان کے بعد علاقے کے رہائشی متحد ہو گئے اور بدھ کے روز بازآبادکاری کے مطالبے کو لے کر احتجاج پر اتر آئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ دہائیوں سے یہاں رہ رہے ہیں اور اچانک بے دخلی سے ان کے سامنے روزگار اور رہائش کا سنگین مسئلہ کھڑا ہو جائے گا۔
رہائشیوں کی حمایت میں سامنے آئے ترنمول یوتھ کانگریس کے رہنما اور مدن پور پنچایت کے پردھان پرتھو دیواسی نے کہا کہ یہ خاندان طویل عرصے سے یہاں آباد ہیں اور اتنے برسوں میں کبھی کولیری انتظامیہ نے انہیں علاقہ خالی کرنے کا نوٹس نہیں دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اب انہیں بے دخل کیا جاتا ہے تو یہ لوگ کہاں جائیں گے؟ پرتھ دیواسی نے واضح طور پر کہا کہ اگر بے دخلی کرنی ہی ہے تو پہلے مناسب بازآبادکاری فراہم کی جائے۔
بیرونی رہائشیوں کی بازآبادکاری کے مطالبے پر کولیری انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔








