بالاسور 26 دسمبر:بالاسور کانگریس کے نوجوان لیڈر سروج لینکا (پپو) کی یومِ پیدائش کے موقع پر سائی پریوار رضاکارانہ تنظیم کی جانب سے 25 دسمبر کو ایک میگا بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ کیمپ کانگریس بھون میں منعقد ہوا، جس کا باقاعدہ اتگھاٹن بلڈ بینک افسر ڈاکٹر بسنت کمار اُپادھیائے، سینئر کانگریسی لیڈر پدملوچن لینکا اور پپو لینکا کی والدہ سنیہ لتا لینکا نے مشترکہ طور پر کیا۔اس موقع پر پدملوچن لینکا نے بتایا کہ 1973 میں آج ہی کے دن سروج لینکا کی پیدائش ہوئی تھی اور ہر سال ان کی سالگرہ پر سماجی خدمت کے مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ مقررین نے خون عطیہ جیسے عظیم انسانی عمل کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔مہمانوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ ضلع میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ان کے لیے درکار خون کی شدید قلت پائی جاتی ہے، اس لیے اس طرح کے خون عطیہ کیمپ وقت کی اہم ضرورت ہیں۔اس موقع پر ضلع کانگریس کے سابق صدر سنجیو گری، یوتھ صدر رنجن داس، گوپیناتھ پاڑھی، شری کانت بوگڑائی، ارچنا نندی، شیخ اصغر علی، صاحبہ اختر، لوکناتھ راول، گیانیندر مہانتی، شیخ سمیع الدین، قمرول علی خان، بدیادھر مہانتی، شیخ محمود سمیت متعدد سرپنچ، سمیتی ممبران اور مختلف پنچایتوں کے صدور موجود رہے۔ شام کے وقت بالاسور کے تمام بردھاآشرام اور چاندی پور کے ایک آشرم میں ضرورت مندوں کے درمیان رات کا کھانا اور گرم کپڑے تقسیم کیے گئے، جسے عوامی حلقوں نے خوب سراہا۔بالاسور سے عظیم بالیسری کی رپورٹ۔











