ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی ہدایت کے مطابق 2 جنوری سے 8 جنوری تک طلبہ ہفتہ(اسٹوڈنٹس ویک)منایا جارہاہے ۔

اسی ہدایت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ضلع پچھم بردوان ہیڈ کوارٹر آسنسول واطراف کے تمام سرکاری پرائمری اور ہائی اسکولوں میں الگ الگ دن طلبہ کے مختلف النوع پروگرام کاانعقاد کیا جارہا ہے جس کا آغاز گزشتہ 2 جنوری کو یوم کتاب(بک ڈے) سے کیاگیا جب طلبہ کو مفت سرکاری کتابیں بانٹی گئیں اور وزیراعلی کی جانب سے بھیجے گئے نیا سال کاپرنٹیڈ مبارکباد ان کےحوالے کئے گئے ۔بعدازاں تقریباً تمام سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے درمیان مقابلے کے پروگرام کے طور پر کا خوش الحانی سے پڑھنا ،بحث ومباحثہ ،مضمون نویسی اور کوئز کے مقابلے ودیگر پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔منگل کے دن اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے طلبہ کی جانب سے ایک بیداری ریلی آسنسول رابندر بھون سے نکالی گئی جس کا اختتام ایس ڈی او دفتر تک پہنچ کر ہوا۔اس ریلی میں آسنسول کے مختلف اسکولوں کے طلباء وطالبات اور اساتذہ شامل رہے۔اس موقعے پر پچھم بردوان ضلع کے ضلع تعلیمی افسر(ڈی ای او)سرجیت رائے نے بتایا کہ ریاستی حکومت کا اسٹوڈنٹس ویک منانے کا مقصد جہاں ایک طرف ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے وہیں دوسری طرف ان کی تعلیمی ترقی اور تعلیم کے تئیں ان کے اندر بیداری بھی لانا ہے۔











