مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں آسنسول بازار میں واقع اپنے دفتر میں ترنمول کانگریس کے ریاستی سکریٹری وی شیوداسن داسو نے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت تنقید کی۔
وی شیوداسن داسو نے بی جے پی کی جانب سے نکالی جا رہی ’پریورتن سنکلپ یاترا‘ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس یاترا میں مقامی لوگوں کی شرکت نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھیڑ جمع کرنے کے لیے بی جے پی کو باہر سے لوگوں کو لانا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے بی جے پی سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ آخر وہ کس طرح کی تبدیلی کی بات کر رہے ہیں، جب کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران داسو نے 2011 میں ترنمول کانگریس کی ’پریورتن ریلی‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پارٹی کا عوامی بنیاد مسلسل مضبوط ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2008 کے پنچایت انتخابات ہوں یا 2009 اور 2010 کے میونسپل انتخابات، ہر سطح پر ترنمول کانگریس کو عوام کی زبردست حمایت حاصل ہوئی تھی۔ یہاں تک کہ اسکول کمیٹی کے انتخابات میں بھی پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی موجودہ صورتحال اس سے بالکل مختلف ہے۔
ٹی ایم سی رہنما نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ 2011، 2016 اور 2021 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی نشستوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور 2026 کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس پہلے سے زیادہ نشستوں کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بی جے پی چاہے جتنی بھی کوشش کر لے، بنگال کے عوام انہیں قبول کرنے والے نہیں ہیں۔ داسو نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ریاست میں کسی بھی وقت انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہو سکتا ہے، لیکن ترنمول کانگریس مکمل طور پر تیار ہے اور بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ حکومت بنائے گی۔










