یہ کہاوت کہ عمر کبھی رکاوٹ نہیں بنتی، ایک بار پھر سچ ثابت کی ہے آسنسول کے کلٹی علاقے کی گِھرَیلو خاتون ٹیمپا نندی نے۔ حال ہی میں نیپال میں منعقدہ ساؤتھ ایشیا کپ یوگاسن مقابلے میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
بدھ کے روز کلٹی بلاک کانگریس کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر رہنما چنڈی چٹوپادھیائے اور کلٹی بلاک کانگریس کے صدر سوکانتو داس سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ سبھی نے ٹمپا نندی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
ٹمپا نندی نے بتایا کہ وہ کلٹی کی رہنے والی ہیں، ان کا مائکہ ڈسیرگڑھ میں ہے جبکہ سسرال نعمت پور میں واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی ان کے والدین نے انہیں یوگاسن کے لیے حوصلہ افزائی کی، جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمر کوئی معنی نہیں رکھتی، ہر کسی کو اپنی صحت برقرار رکھنے کے لیے یوگاسن ضرور سیکھنا چاہیے۔
ٹمپا نندی کا اگلا ہدف عالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں شرکت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں مزید بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے کر ملک کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔










