آسنسول میونسپل کارپوریشن کا منتخب بورڈ تحلیل کیے جانے کے محض 24 گھنٹوں کے اندر ریاستی محکمۂ بلدیات و شہری ترقی نے عوامی مسائل کے ازالے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
محکمہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آسنسول میونسپل کارپوریشن علاقے کے شہریوں کی شکایات، مسائل اور تجاویز براہِ راست سننے کے لیے جمعرات 9 جولائی کو صبح 10 بجے سے 11 بجے تک ایک خصوصی لائیو فون اِن پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں ریاست کی وزیر برائے بلدیات و شہری ترقی اگنی مترا پال خود موجود رہیں گی۔
اس پروگرام کے دوران شہری سڑکوں، نکاسیٔ آب، پینے کے پانی، اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز براہِ راست وزیر تک فون کے ذریعے پہنچا سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے دو فون نمبر جاری کیے گئے ہیں: 0341-2301155 0341-2301156
محکمہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہریوں کی شکایات اور تجاویز کو سنجیدگی سے سنا جائے گا اور ان کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ آسنسول میونسپل کارپوریشن کے تمام باشندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر فون کر کے اپنے علاقوں کے مسائل سے حکومت کو آگاہ کریں۔
حکام نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ اس اطلاع کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
واضح رہے کہ 7 جولائی کو ریاستی حکومت نے آسنسول میونسپل کارپوریشن کے منتخب بورڈ کو تحلیل کر دیا تھا۔ اس کے بعد ریاستی حکومت نے آسنسول-درگاپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ADDA) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ادیتی چودھری کو آسنسول میونسپل کارپوریشن کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا ہے۔










