*کڈس نے ایک اور سنگ میل طئے کرنے کا کیاارادہ درجہ دہم کے 70 طلبا کو اسکالرشپ اور مفت کوچنگ فراہم کرنے کا اعلان*

خصوصی رپورٹ :
*امتیاز احمد انصاری،* آسنسول
کولکاتہ کی معروف تعلیمی تنظیم کوی تیرتھ انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اینڈ اسٹڈیز (KIDS) بڑی خاموشی کے ساتھ ریاست مغربی بنگال کے ورناکولر اسکولوں کے طلباء کے درمیان ایک تعلیمی انقلاب لانے کی پرزور کوشش میں جٹاہے۔ اس کا ایک عملی نمونہ اتوار کے دن کولکاتہ کے ملی الامین گرلس کالج میں دیکھنے کو ملا۔ اس کالج کے حضرت مولانا احمد حسن ندوی آڈیٹوریم کے سجے سجائے ائیر کنڈیشنڈ ہال میں “مینٹرشپ تقریب” کاانعقاد کیا گیا ۔تقریب کی صدارت معروف علمی وادبی شخصیت اور فارسی کے اسکالر پروفیسر غلام سرور نے کی اور نظامت کی ذمہ داری کڈس کے آسنسول زون کے چیف کوآرڈینیٹر وایکزیکیٹو ممبر امتیاز احمد انصاری اپنے مخصوص لب ولہجہ میں بحسن وخوبی انجام دئیے۔تقریب کا آغاز قومی ترانہ سےہوا۔ بعدازاں کڈس کے ایکزیکٹیو ممبر ایڈوکیٹ محمد نوشاد علی نے اپنی پیاری آواز میں کڈس کا ترانہ پیش کیا۔افتتاحی کلمات کڈس کے صدر گوپال سونار کےذریعہ پیش کئے جانے کے بعد کڈس کے بانی وجنرل سکریٹری محمد رضوان نے بڑی تفصیل کے ساتھ کڈس کی تعلیمی کارکردگی بیان کیا۔موصوف نے جہاں ایک طرف اردو،بنگلہ اور ہندی میڈیم اسکولوں کے درجہ نہم،دہم ،یازدہم اور دوازدہم کے طلباء وطالبات کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور انہیں بڑے بڑے انگریزی میڈیم کے طلبا کے برابر لاکھڑا کرنے کے مقصد سے پوری پابندی کے ساتھ کڈس کے بینر تلے اسٹوڈنٹس ایوالیویشن ٹسٹ (SET) منعقد کرائے جانے کے سلسلے کی روداد بیان کیا وہیں دوسری طرف درجہ دہم کے ایسے 70 طلباء وطالبات (30اردو میڈیم، 31 بنگلہ میڈیم اور9 ہندی میڈیم ) جو آئندہ سال مدھیامک امتحان میں شامل ہوں گے انہیں SET کے پہلے مرحلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بنیاد پر گود لینے اور اسکولوں میں سینٹ اپ ٹسٹ مکمل ہونے کے بعد آئندہ تین مہینے یعنی نومبر،دسمبر اور جنوری میں مفت آن لائن کوچنگ دینے کا اعلان کیا۔اس کے علاؤہ ان تین مہینوں کے لئے ان ہونہار طلباء وطالبات کو متوازن غذا فراہم کرنے کے لیے ہرماہ ایک ہزار روپئے یعنی کل تین ہزار روپئے ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کئے جانے کا بھی اعلان کیا۔موقعے پر ان خوش نصیب بچے وبچیوں کو چیک کا نقلی ماڈل بھی مہمانوں کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔

SET کے چیف کنٹرولر محمد محمداقبال انصاری نے آن لائن کوچنگ کا طریقہ کار کی جانکاری دی۔موقعے پر موجود نیٹ باسکٹ کے ڈائریکٹر محمد نورعالم طلبا کی تعلیمی ترقی میں والدین کا کردار ،اولاد حسین اسلامک اکاڈمی کی پرنسپل نیلم غزالہ ورناکولر اسکولوں کے طلباکی تعلیمی ترقی میں SETکے اثرات اور آر کے مشن پرولیا کے ڈاکٹر محمد انوار الحق نے مدھیامک امتحان میں زیادہ سے زیادہ مارکس حاصل کرنے کی تکنیک کی جھلک پیش کیا۔دیگر مہمانوں میں ریٹائر آئی پی ایس آفیسر زاہد الرحمٰن،مسلم انسٹی ٹیوٹ کے سابق جنرل سکریٹری نثار احمد،ماہر تعلیم وشاعرڈاکٹر عقیل احمد عقیل ،خضر پورکالج کے پروفیسر انورسراج اور صدر جلسہ پروفیسر غلام سرور نے کڈس کی اس تعلیمی تحریک کی بھرپور حمایت اورستائش کرتے ہوئے محمد رضوان اور پوری کڈس کی ٹیم کو مبارکباد پیش کیا۔دوران پروگرام ٹاپر طالب علم سمبھو داس اور حیا بنرجی کے ساتھ ان کے والدین نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا ۔ کڈس کے نائب صدر محمد شہنواز کے اظہار تشکر کے ساتھ اس کامیاب پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔










