Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*رانی گنج کے فہد آبو نے پھر روشن کیا شہر کانام* *NEET امتحان میں نمایاں کامیابی، علمی وادبی اداروں کی جانب سے اعزازی تقاریب*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

*رانی گنج کے فہد آبو نے پھر روشن کیا شہر کانام*                                                                      *NEET امتحان میں نمایاں کامیابی، علمی وادبی اداروں کی جانب سے اعزازی تقاریب*                                                                    خصوصی رپورٹ :
*امتیاز احمد انصاری*  (آسنسول)

      مضبوط ارادے کے ساتھ جب کچھ کرگذرنے کی ٹھان لی جاتی ہے تو پھرکامیابی قدم چومنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔ اس بات کو غوث بنگالہ کے شہر رانی گنج عیدگاہ محلہ کے رہنے والے رانی گنج اردو ہائی اسکول کے   ذہین طالب علم فہد آبو نےاپنی ایماندارانہ محنت، جان توڑ کوشش  اور جہد مسلسل سے ایک بار پھر سے صحیح ثابت کر دکھایا ہے۔ اس نوجوان نے نیٹ(NEET) جیسے قومی سطح کےسخت امتحان میں 720میں 637 مارکس کے ساتھ  آل انڈیا سطح پر 2593 اور جنرل کیٹگری میں 1320 رینک حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین اور اسکول بلکہ شہر اور ملت کا نام روشن کیا ہے۔فہد آبو کی اس شاندار اور تاریخی کامیابی کی خبر سے پورےرانی گنج شہر میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے اور مبارکباد پیش کئے جانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ فہد آبو رانی گنج حسین نگر میں واقع رانی گنج اردو ہائی اسکول سےاسی سال ہائیر سیکنڈری امتحان نمایاں نمبروں سے پاس کیا ہے۔اس اسکول کے ہیڈماسٹر ڈاکٹر شاہد حسن خان،گل محمد خان،محمد زاہد حسین،سیف الاسلام،محمد حیدر اور ریاض خان ودیگر اساتذہ نےفہد آبو اور اس کے والد کو مٹھائی کھلاکر مبارکباداور تحائف  پیش کئے۔

ادھر رانی گنج کا معروف ادبی ادارہ کاروان ادب کی موسیس ڈاکٹر صابرہ خاتون حنا اور صدر سید الا سلام ودیگر ممبران نے بھی فہد کو  مبارکبادکےساتھ تحائف پیش کئے۔رانی گنج کی قدیم لائبریری رانی گنج اردو لائبریری میں بھی ڈاکٹر شمشیر عالم ودیگر اراکین نے فہد آبو کو استقبالیہ دیتے ہوئے شال  اور تحائف کا نذرانہ پیش کیا ۔ہیڈماسٹر شاہد حسن خان نے بتایا کہ فہد آبو بہت محنتی ،فرمابردار اور ذہین طالب علم ہے۔ابتدائی تعلیم کریسنٹ اسکول سے مکمل کرنے کے بعد رانی گنج اردو ہائی اسکول میں داخلہ لیا۔ مدھیامک 2024 میں کل 87.7فیصد  مارکس کےساتھ  ضلعی سطح پر اردو میڈیم اسکولوں میں ٹاپر مقام حاصل کیا تھا۔اسی سال ہائیر سکنڈری امتحان (سائنس اسٹریم) 94فیصد مارکس حاصل کرکے پھر سے ضلعی سطح ٹاپر مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوا.واضح ہو کہ اسی اسکول کاطالب علم عدنان رضا نےامسال مدھیامک امتحان میں اردو میڈیم طلبہ کے درمیان  ریاستی سطح پرٹاپر مقام حاصل کیا ہے۔فہد کا  شروع سے  ارادہ ڈاکٹر بن کر ملک وملت کی خدمت کرنے کا تھا اس لئے ہائیر سکنڈری امتحان کی تیاریوں کے ساتھ نیٹ کی تیاری میں بھی  جٹ گئے۔ حیرت انگیز طور پر اس نےفزکس والا آن لائن کوچنگ کے علاؤہ اور  کوئی کوچنگ جوائن نہیں کیا بلکہ خود سےدن رات محنت اور تیاری کرتا رہا۔ پہلی بار نیٹ کے امتحان میں اس نے کل 670 مارکس حاصل کیا تھا مگر پرچہ لیک ہوجانے کی وجہ کر وہ امتحان منسوخ کردیا گیا۔دوبارہ امتحان دینے پر 637 مارکس حاصل کیا۔ہیڈ ماسٹر شاہد حسن خان نےفہد کی اس کامیابی کو عظیم اور تاریخی قرار دیتے ہوئے قابل فخر بھی بتایا ۔موصوف نے اس کے والدین کو اس بات کے لئےخصوصی مبارکباد پیش کیا کہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود فہد کی تعلیم کی حصولیابی کی راہ ہموار کرنے میں کوئی دقیقہ نہ چھوڑا۔واضح ہوکہ فہد کے والد محمد شمیم پیشے سے درزی ہیں جبکہ والدہ شائستہ خاتون خالص گھریلو خاتون ہیں۔ فہد نے اپنی اس عظیم کامیابی کا سہرا والدہ،نانی اور والد کے ساتھ اسکول کے اساتذہ کے سر باندھا جن کی کوشش،رہنمائی اور دعاؤں کے طفیل یہ کامیابی ملی۔اس نوجوان کی خواہش  ڈاکٹر بننے کی ہے۔ڈاکٹر شاہد حسن خان نے کہا کہ فہد کا رینک اتنا اچھا ہےکہ اسے کسی بھی سرکاری میڈیکل کالج میں داخلہ مل سکتا ہے۔انہوں نے فہد کی اس کامیابی کو آنے والی نسل کے لئے مشعل راہ بتایا۔ادھر فہد نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے بلکہ محنت،محنت اور صرف محنت ہی آپ کو کامیابی دلا سکتا ہے۔لہذا پہلے اپنا ہدف طئے کریں اور پھر اس کی تیاریوں میں جٹ جائیں ان شاءاللہ جلد یا دیر کامیابی ضرور ملے گی۔