*آسنسول کےذیشان نے امریکہ میں لہرایا کامیابی کا جھنڈا ماسٹر آف سائنس میں گولڈ میڈل سے سرفراز،خاندان میں خوشی کی لہر*
خصوصی رپورٹ :
*امتیاز احمد انصاری* “محنت اتنی خاموشی سے کرو کہ کامیابی شور مچانے لگے” ۔ اس مقولے کو شہر آسنسول کی معروف تعلیمی وسماجی شخصیت اور حاجی قدم رسول اسکول کے سابق ہیڈٹیچر الحاج محمد عثمان کے پسرزادہ اور آسنسول عیدگاہ ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر محمد رضوان کےبرادر زادہ( بھتیجہ) ذیشان احمد ولد محمد عرفان نے اپنی محنت،لگن اور جدوجہد سے ایک بار پھر سے سچ ثابت کیا ہے۔ اس ہونہار نوجوان نے امریکہ کے یونیورسٹی آف ٹیکساس(دلاس) سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ میں نہ صرف ماسٹر آف سائنس (ایم ایس) کی ڈگری حاصل کیا بلکہ ٪ 94.5 مارکس سے کامیاب ہوکر اپنے شہر اور صوبہ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کانام روشن کیا۔ کولکاتہ میں ٹاٹا کنسلٹنسی اینڈ سروسز (ٹی سی ایس) میں اعلی عہدے پر فائز ذیشان کے والد محمد عرفان سے ملی جانکاری کے مطابق گزشتہ دنوں یونیورسٹی کے کانوکیشن کے دوران ذیشان کو اس کی اس بڑی کامیابی پر گولڈ میڈل کے علاؤہ لیڈرشپ ایوارڈ سمیت مزید تین میڈل سے نوازہ گیا۔انہوں نے بتایا کہ ذیشان شروع سے ہی کافی محنتی رہنے کی وجہ کر اس کا تعلیمی کیریئر بہت شاندار رہا ہے۔ کولکاتہ بوائز اسکول سے نمایاں نمبروں سے کامیاب ہونے کے بعد بنگلورو کے رمیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے بیچلر آف انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرکےامریکہ سے ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کرنے کی جدوجہد میں جٹ گئےاور تمام مشکلات کو کامیابی کے ساتھ عبور کرتے ہوئے امریکہ کے یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ماتحت نوین جندال اسکول آف منیجمنٹ میں ماسٹر آف سائنس کے دوسالہ کورس میں داخلہ لینے میں کامیاب ہوگئے۔ اپنی محنت اور لگن کا سلسلہ پڑھائی پر جاری رکھا۔ پڑھائی کے ساتھ اپنی اوور آل کارکردگی اور لیڈرشپ کوالیٹی کی بنا پر طلبہ اور فیکلٹی میں یکساں مقبول رہے۔تعلیم میں ان کی سنجیدگی کی بدولت ایم ایس کے فائنل میں 94.5 فیصد مارکس سے کامیاب ہوئے ۔ دیارِغیر امریکہ میں اپنی بڑی اور انفرادی کامیابی سے اپنے ملک کا نام روشن کرنے پر پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ چہار جانب سے مبارکبادیوں کاسلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مبارکباد پیش کرنے والوں میں آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق ، آسنسول درگاپور پولس کمشنریٹ کے اسسٹنٹ پولس کمشنر محمد ہارون،رام کرشن مشن پرولیا کے شعبہ تاریخ کے انچارج ڈاکٹر محمد انوارالحق،انجمن ترقی اردو ہند،کولکاتہ کے ریاستی جنرل سکریٹری و ڈبلیو بی سی ایس آفیسر محمد اظہار عالم، انجمن کے ضلعی سکریٹری ماسٹر محمد سلیمان ، مغربی بنگال میں تعلیمی تحریک کے سچےعلمبردار اورکڈس کے بانی وجنرل سکریٹری محمد رضوان ودیگر کے نام شامل ہیں ۔












