آسنسول میونسپل کارپوریشن کے 41 نمبر وارڈ کے کونسلر کے خلاف بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ اس سلسلے میں آسنسول چیمبر آف کامرس کے سکریٹری شمبھوناتھ جھا نے میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ایک شکایتی مکتوب پیش کیا ہے۔

شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ وارڈ کونسلر خود کو ایماندار ظاہر کرتے ہیں، لیکن ان کی اہلیہ کے نام پر میونسپل کارپوریشن کا ٹینڈر لیا گیا، جو بدعنوانی کی نشاندہی کرتا ہے۔
مکتوب میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیمپ لگا کر عام لوگوں سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے اور یہ عوام کی محنت کی کمائی ہے، اس لیے اس رقم کی لوٹ کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 41 نمبر وارڈ میں بڑے پیمانے پر وصولی اور بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ وارڈ میں تعمیر کیے گئے تمام رہائشی فلیٹوں کی جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ فلیٹوں میں پانی کے لیے کرائی گئی واٹر بورنگ کی فیس جمع کی گئی ہے یا نہیں، اس کی بھی تحقیقات ضروری ہیں۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ بدعنوانی کے سبب عام لوگ بنیادی سہولیات سے محروم رہے ہیں۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ جانچ مکمل ہونے تک 41 نمبر وارڈ سے متعلق کسی بھی ادائیگی پر روک لگائی جائے۔ ساتھ ہی کونسلر کی اہلیہ کے نام پر لیے گئے کام کی ادائیگی بھی کسی حال میں نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔










