انڈال کے کاجوڑا علاقے کے سرسو ڈانگا میں گزشتہ دس دنوں سے زمین دھنسنے کی خبریں آرہی ہیں، جس کی وجہ سے علاقے کے متعدد گھروں کی دیواروں میں دراڑ پڑ گئی ہے۔ مقامی باشندوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ کئی خاندان اپنے گھروں میں رہنے کے بجائے ڈر کے سبب دیگر جگہوں پر عارضی ٹھکانہ بنا کر راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔
سنیچر کی رات زمین میں بڑی دراڑ آنے کے بعد خوف مزید بڑھ گیا ہے۔ مقامی لوگوں کو اندیشہ ہے کہ کہیں بڑے پیمانے پر دھنسان کی واردات نہ پیش آجائے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع پریشد کے نائب صدر وشنو دیو نونیا متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے پہنچے اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس دنوں سے دھنسان کی خبریں آرہی ہیں، لیکن ای سی ایل مینجمنٹ کی جانب سے اب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین میں خطرناک دراڑ واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے، اس کے باوجود ای سی ایل کا کوئی بھی افسر علاقے میں صورتِ حال جانچنے نہیں آیا۔
نونیا نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی خوراک اور دیگر سہولتوں کا انتظام وہ خود کر رہے ہیں، کیونکہ لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ای سی ایل انتظامیہ نے جلد قدم نہ اٹھایا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔










