برن پور میں واقع مرکزی جامع مسجد کے صدر دروازے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب بعض شرپسند عناصر کی جانب سے بھگوا اور بی جے پی کا جھنڈا لہرانے اور آئندہ دنوں میں ہنومان چالیسہ کے انعقاد سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ وائرل کرکے شہر کی قومی یکجہتی اور پرامن فضا کو مکدر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، جس کے بعد مقامی مسلمانوں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔
واقعہ کے فوراً بعد جامع مسجد کمیٹی کی جانب سے ہیراپور تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی گئی، جس پر پولیس نے فوری مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی انجام دی اور مبینہ طور پر اس حرکت میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس پورے معاملے کی سنجیدگی سے تفتیش میں مصروف ہے تاکہ شہر کے امن و امان کو متاثر کرنے والی کسی بھی سازش کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
دوسری جانب علمائے برن پور نے ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کرکے پورے واقعہ کی تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھیں اور اس شرپسندانہ حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ علمائے کرام نے کہا کہ برن پور ہمیشہ سے قومی یکجہتی، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا گہوارہ رہا ہے، جہاں مختلف مذاہب کے لوگ باہمی احترام اور محبت کے ساتھ زندگی گزارتے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامع مسجد کے قریب ہی نیتاجی اسپورٹنگ کلب واقع ہے، جہاں ہر سال شہر کی عظیم اور شاندار درگا پوجا منعقد ہوتی ہے، جسے دیکھنے کے لیے دور دراز علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں، لیکن آج تک کبھی کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ اسی طرح جامع مسجد سے متصل مرکزی مدرسہ اہل سنت کی جانب سے بھی بڑے جلسے، دینی اجتماعات اور سماجی پروگرام ہمیشہ پُرامن ماحول میں منعقد ہوتے رہے ہیں۔
علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ برن پور میں ہر مذہب کے ماننے والے اپنے اپنے تہوار اور مذہبی پروگرام آزادی، احترام اور باہمی بھائی چارے کے ساتھ منعقد کرتے ہیں اور یہاں ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹس پر توجہ نہ دیں اور شہر کے امن و اتحاد کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔
علمائے کرام نے پولیس اور انتظامیہ کی بروقت کارروائی اور مستعدی کی ستائش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ برن پور کی پرامن فضا ہمیشہ کی طرح قائم و دائم رہے۔
اس پریس کانفرنس میں برن پور جامع مسجد کے خطیب و امام مفتی نعیم الدین مصباحی برکاتی، برن پور مرکزی مدرسہ اہل سنت کے صدر مدرس مولانا سراج الحق رضوی، کریم ڈنگال مسجد کے خطیب و امام حافظ مبین احمد حبیبی، دھرم پور جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا قاری عبدالکبیر فیضی سمیت دیگر علمائے کرام اور مسجد کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔










