*دفتر تلنگانہ رکشنا سینا میں بتکماں تہوار کا اہتمام*
*خواتین کی سیاسی خودمختاری ہمارا عزم، ہر شعبے میں قیادت کے مواقع فراہم کریں گے: کویتا*
حیدرآباد: تلنگانہ کی ثقافت اور ریاستی شناخت کی علامت بتکماں تہوار پیر کے روز بنجارہ ہلز میں واقع دفترتلنگانہ رکشنا سینا میں شاندار انداز میں منایا گیا۔ پارٹی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے خاتون قائدین کے ساتھ میں بتکماں سجایا، تہوار کے گیت گائے اور خواتین کے ساتھ بتکماں کھیلا۔ اس موقع پر کویتا نے بتکماں کی اہمیت اور تلنگانہ ریاست کی تحریک کے دوران خواتین کو متحد کرنے میں اس تہوار کے کردار پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں خصوصی پوجا کی گئی۔ تہوار کے موقع پر پارٹی دفتر میں تلنگانہ کی ثقافت اور روایات کی خوبصورت جھلک دیکھنے میں آئی۔تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کلواکنٹلہ کویتا نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ خواتین اور بہوجن طبقات کی ترقی کے لئے ان کی جدوجہد کو اپنی دعاؤں سے نوازیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواتین کی سیاسی قیادت کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہی ہیں اور ان کی پارٹی ریزرویشن کے نفاذ سے قطع نظر خواتین کو 50 فیصد نشستیں فراہم کرے گی۔کویتا نے کہا کہ سیاسی پارٹی کے قیام کے بعد پارٹی دفتر میں بتکماں تہوار منانا ان کے لئے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بتکماں دنیا کا ایک منفرد تہوار ہے جو تلنگانہ کی ثقافت کی پہچان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس تہوار کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لئے اسے جوش و خروش سے منائیں اور بتکماں کے گیت سیکھ کر آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ تلنگانہ کی تمام خواتین خوش و خرم رہیں۔










