*سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کے لئے جلسہ عہد و پیماں کی تمام تیاریاں مکمل*
*آج صبح 10:30 بجے سرور نگر انڈور اسٹیڈیم میں اہتمام*
*متعدد ممتاز شخصیات کی شرکت متوقع*
*کلواکنٹلہ کویتا بشمول 10 ہزار نمائندے سماجی تلنگانہ کے لئے حلف لیں گے*

حیدرآباد: سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کے لئے سنکلپ سبھا کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ یہ سبھا 6 اگست جمعرات کی صبح 10:30 بجے سرور نگر انڈور اسٹیڈیم میں شروع ہوگی جس میں تلنگانہ رکشنا سینا کی صدر کلواکنٹلہ کویتا اور کئی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔اس موقع پر انصاف پر مبنی سماجی تلنگانہ کے قیام کے عزم کے ساتھ کویتا سمیت تقریباً 10 ہزار نمائندے حلف لیں گے۔
کویتا اس پلیٹ فارم سے ریاست کے تمام طبقات کی ترقی اور بااختیاری کے لئے اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی اور پسماندہ طبقات کی معاشی و سماجی حالت میں بہتری کے لئے پارٹی کے ایجنڈے پر بھی روشنی ڈالیں گی۔
واضح رہے کہ متحدہ ریاست کے دور میں تلنگانہ کو استحصالی قوتوں سے نجات دلانے کے لئے پروفیسر جیہ شنکر سمیت لاکھوں افراد نے جدوجہد کی تھی۔ اب انہی کے نظریات سے متاثر ہو کر کلواکنٹلہ کویتا سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کے حصول کے لئے نئی تحریک کا آغاز کر رہی ہیں۔ انہوں نے عہد کیا ہے کہ سماجی انصاف محض نعرہ نہیں بلکہ عملی حقیقت بنے گا اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے عملی اقدامات روبہ عمل لائے جائیں گے۔کویتا گزشتہ دو دہائیوں سے تلنگانہ جاگروتی کے ذریعہ اور اب اپنی قائم کردہ تلنگانہ رکشنا سینا پارٹی کے ذریعہ پسماندہ طبقات کو نمایاں مقام دے رہی ہیں۔ پارٹی کے مختلف عہدوں میں بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کو ترجیح دی گئی ہے اور مستقبل میں بھی انہیں بھرپور نمائندگی دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
سرور نگر میں منعقد شدنی یہ سبھا تلنگانہ کی سیاسی و سماجی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہونے کی توقع ہے، جہاں سے کویتا سماجی انصاف پر مبنی نئے تلنگانہ کی بنیاد رکھنے کا آغاز کریں گی۔










