آسنسول : بین الاقوامی سماجی کارکن اور انٹرنیشنل سوشل چینج کونسل (ICSC) کے چیئرمین فیروز خان ایف کے نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو 21 جولائی کے شہید دیوس سے قبل ایک باضابطہ خط لکھا ہے۔ اس خط میں انہوں نے درخواست کی ہے کہ محترمہ ممتا بنرجی ریاست بھر کے تمام ایم ایل اے، ایم پی، ضلع کمیٹی، میونسپل کونسلرز اور پارٹی کارکنان کے ہمراہ اس دن موجود رہیں، اور ایک طاقتور پیغام جاری کریں تاکہ سبھی عوامی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی سے انجام دیں۔
فیروز خان نے زور دیا ہے کہ شہید دیوس کے موقع پر وزیر اعلیٰ کو بنگال کے تمام کونسلروں کو ایک سخت اور واضح پیغام دینا چاہیے، جس میں اس بات پر زور دیا جائے کہ ہر کونسلر کو اپنے علاقے کے عوام کی بنیادی ضروریات جیسے پانی، سڑک، تعلیم اور علاج پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ برداشت نہیں کیا جائے گا کہ کسی علاقے میں خستہ حال سڑکیں ہوں یا عوام کو پانی، صحت اور تعلیم جیسی سہولیات کی کمی کا سامنا ہو۔
فیروز خان نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ہر کونسلر اپنے پچھلے چھ مہینے کا رپورٹ پیش کرے، جس میں یہ واضح ہو کہ انہوں نے اپنے وارڈ کے عوام کے لیے کیا خدمات انجام دی ہیں اور کن مسائل کو حل کیا ہے۔ اگر کسی کونسلر کی جانب سے غفلت یا غیر ذمہ داری پائی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اسے آئندہ ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ ریاست کے کئی حلقوں میں ایم ایل اے، ضلع کمیٹی اور کونسلروں کے درمیان گروہ بندی کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس شہید دیوس کے موقع پر پارٹی کے تمام ذمہ داروں کو ایک مشترکہ پیغام دیں کہ وہ ذاتی اختلافات کو بھلا کر ریاست اور عوام کی بھلائی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ گروہ بندی میں شامل پائے جانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔
آخر میں فیروز خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ ہمیشہ ریاست اور عام لوگوں کی بہتری کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں اور جب تک ان میں سانس ہے وہ عوامی خدمت کرتے رہیں گے۔
منچ ٹوڈے ٹیم سے جڑیں۔






















