آسنسول: آسنسول کے ریل پار علاقے حاجی نگر آم بگان مندر کے قریب ہفتہ کے روز “آسنسول لائف سکیور فاؤنڈیشن” کی جانب سے ایک خون عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر آسنسول شمال اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی اور ریاست کے وزیرِ قانون و محنت، جناب مولئے گھٹک بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

منتظمین کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ کیمپ عالمی یومِ خون عطیہ دہندگان کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا اور اس میں 40 یونٹ خون جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ کیمپ کے دوران مقامی باشندوں نے جوش و خروش کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔
آسنسول ضلع اسپتال کے بلڈ بینک اور منتظمین نے بتایا کہ مقامی افراد نے بڑی دلچسپی اور جذبے کے ساتھ خون عطیہ کیا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر وزیر مولئے گھٹک نے خون عطیہ کرنے والے افراد کو توصیفی سرٹیفکیٹ پیش کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس کیمپ میں علاقے کے معروف سماجی کارکن بلال خان، وارڈ کونسلر ایس ایم مصطفے ، خالق خان سمیت متعدد مقامی افراد اور رہائشی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ طویل عرصے سے خون عطیہ کی تحریک سے وابستہ افراد نے بھی اپنی موجودگی سے کیمپ کی حوصلہ افزائی کی۔




















