مندرہ ڈیم میں نہانے کے دوران انجینئرنگ کا طالب علم ڈوب گیا
22 سالہ سپریو چکرورتی کی تلاش جاری، اندھیرا ہونے پر امدادی کارروائی روک دی گئی
آسنسول: مغربی بردوان ضلع کے بارابنی بلاک کے تحت پنودیا گرام پنچایت واقع مندرہ ڈیم میں نہانے کے دوران 22 سالہ انجینئرنگ کے ایک طالب علم کے ڈوب جانے سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ لاپتہ طالب علم کی شناخت سپریو چکرورتی کے طور پر ہوئی ہے۔ سپریو کولکاتا کے ایس این یو انجینئرنگ کالج کا طالب علم تھا۔ وہ بنیادی طور پر آسنسول کا رہنے والا تھا، جبکہ فی الحال درگاپور کے موچی پاڑہ علاقے میں مقیم تھا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، اتوار کے روز سپریو اپنے پانچ دوستوں کے ہمراہ مندرہ ڈیم کی سیر کے لیے پہنچا تھا۔ تمام دوست ڈیم کے پانی میں اتر کر نہا رہے تھے۔ اسی دوران اچانک سپریو گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوبنے لگا۔ اس کے دوستوں نے اسے بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پانی کی گہرائی اور تیز بہاؤ کے باعث وہ اسے بچانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ دیکھتے ہی دیکھتے سپریو پانی میں غائب ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بارابنی تھانے کی پولیس کی ایک بڑی ٹیم موقع پر پہنچی۔ بارابنی بلاک کے بی ڈی او بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔ اطلاع ملنے کے بعد سپریو کے اہل خانہ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے ڈیم کے پانی میں لاپتہ طالب علم کی تلاش شروع کی گئی، تاہم خبر لکھے جانے تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔
رات ہونے اور اندھیرا چھا جانے کے باعث امدادی کارروائی فی الحال روک دی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ کی امدادی ٹیم کو بھی واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے، جس کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش مہم شروع کی جائے گی۔
مقامی لوگوں کے مطابق، دو روز قبل بھی یہ نوجوان اسی مقام پر سوشل میڈیا کے لیے ریل بنانے آئے تھے۔ اتوار کے روز وہ دوبارہ مندرہ ڈیم کی سیر کے لیے پہنچے تھے، جہاں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔










