آسنسول: گھر میں کھانا پکانے کے لیے کوئلہ لانے نکلے ایک شخص کی اتوار کی رات افسوسناک موت ہو گئی۔ یہ واقعہ آسن سول کے کُلٹی تھانہ علاقے کے مٹھانی گاؤں میں پیش آیا، جہاں 47 سالہ جیون باؤری سڑک کے ایک تعمیراتی گڑھے میں سائیکل سمیت گر گئے۔ ان کی لاش بعد میں پانی بھرے گڑھے سے برآمد ہوئی۔
جیون باؤری سالان پور کے دیندوا گاؤں میں ایک چھوٹے کارخانے میں مزدور تھے۔ واقعہ کے وقت وہ کام سے لوٹ کر کوئلہ لینے نکلے تھے کیونکہ گھر میں ایندھن ختم ہو گیا تھا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر سڑک کے گڑھوں کے اردگرد کوئی حفاظتی اقدام نہیں تھا، جس کی وجہ سے رات کے اندھیرے میں وہ حادثے کا شکار ہو گئے۔
حادثے کے بعد مقامی لوگ مشتعل ہو گئے اور پولیس پر لاپروائی کا الزام لگایا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات قابو میں کیے اور لاش کو آسن سول ضلع اسپتال بھیجا۔
مرحوم کے اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے سڑک تعمیر کر رہی نجی کمپنی پر غفلت برتنے کا الزام لگاتے ہوئے معاوضے کی مانگ کی ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔




















