آسنسول : پچھم بردوان ضلع ناظم ایس ارون پرشادکے ذریعہ ملک کے وزیراعظم نریندرمودی کو احتجاجی خط ضلع کے ضعیف العمر پنشن پانے والوں نے لکھا.ای پی ایس 95نیشنل ایجیٹیشن کمیٹی آسنسول شاخ کے ذریعہ یہ احتجاجی خط لکھا گیا.اس خط میں واضح کیاگیا ہے کہ 26مارچ کو دہلی میں کم سے کم پنشن کامطالبہ کررہے بزرگ مردوخواتین کو دلی پولس نے جوبربرتا دکھائی ہے وہ قابل مذمت اور انتہائی شرمناک ہے.یہ بھی کہا گیا ہے کہ پہلے سے مطلع کرکے اس دن نئی دہلی کے شرم شانتی بھون میں ای پی ایس قومی شنگھرس کمیٹی کے ارکان کم سے کم پنشن پانے کےمطالبے پر بھون میں داخل ہونے سے پہلے ہی دلی پولس 165بزرگ مردوخواتین کو مندر تھانہ پکڑ کرلے گئی اور سارا دن بھوکے پیاسے بٹھاکر شام کو بذریعہ بس جنتر منتر علاقے میں لاکر چھوڑدیا.اس غیرانسانی سلوک کے خلاف احتجاج درج کرانے کیلئے پورے ملک کے ضلع ناظم دفتر میں دھتکار دیوس کے طور پر منایا گیا.پچھم بردوان ضلع کوارڈی نیشن کے گوتم رائے چودھری کی قیادت میں یہ احتجاج کامظاہرہ کیاگیا.ان لوگوں نے بتایا کہ قریب 70لاکھ پنشن پانے والے ایک وقت میں اپنی محنت پیش کرکے ملک کی خدمت کی تھی مگر آج کم سے کم ایک ہزارروپئے بھی پنشن پانے سے محروم ہیں.ان لوگوں کامطالبہ ہے کہ ہرماہ ساڑھے سات ہزار پنشن اورڈی اے کے ساتھ علاج ومعالجے کی سہولت تمام پنشن ہولڈروں کودیا جانا چاہئے.روپ نرائن پور باشندہ پاریش ناتھ پرشاد نے بتایاکہ ای پی ایس 95نیشنل ایجیٹیشن کمیٹی قابل احترام پنشن کےمطالبےپر قریب دیڑھ ہزاردنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں.حکومت کوچاہئے کہ فوری طور پر اس مطالبے کوپورا کیا جائے.










