بالاسور، 20 مئی: اڈیشا کے معروف نوجوان اردو شاعر اور ادبی شخصیت سالک ادیب رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ ضلع بھدرک کے بونت علاقے کے رہائشی اور معروف مجموعۂ کلام “حدیثِ دل” کے تخلیق کار دلہا سالک ادیب نے نذرانہ خاتون کے ساتھ ازدواجی زندگی کا آغاز کیا، جس پر ادبی حلقوں اور چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔شادی کے بعد اپنے آبائی مکان پر ایک شاندار ولیمہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں قریبی دوستوں، اہلِ ادب، سماجی شخصیات اور معزز مہمانوں نے شرکت کرکے نو بیاہتا جوڑے کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

تقریب خوشگوار ماحول، محبت و خلوص اور روایتی مہمان نوازی کا حسین منظر پیش کر رہی تھی۔اس موقع پر شامل دوست احباب نے سالک ادیب کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم عمری میں اردو ادب میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ ان کے مجموعۂ کلام “حدیثِ دل” کو قارئین کے درمیان کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور ان کی شاعری نوجوان نسل میں خاصی مقبول ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف ضیافت سے تواضع کی گئی، جبکہ سبھی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دلہا سالک ادیب اور دلہن نذرانہ خاتون کی نئی ازدواجی زندگی کو خوشیوں، محبتوں اور کامیابیوں سے بھر دے۔بالاسور سے *عظیم بالیسری* کی رپورٹ۔










