نفرت کےماحول میں محبت کی دکان کھولنا قابل تحسین۔ پنڈت للت گیری
انمول ویلفئیر سوسائٹی کاپروقار جشن عید ملن اور شعری نشست
آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق کی سرپرستی میں قائم

شمالی آسنسول کی معروف سماجی وادبی تنظیم انمول ویلفئیر سوسائٹی کے زیر اہتمام ہفتے کی شام صاحب کتاب شاعر خورشید ادیب کے دولت کدہ خلیل منزل میں ایک پروقار عید ملن تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت آسنسول بی بی کالج کے صدر شعبہ اردو ،نثرنگار وشاعر ڈاکٹر مشکور معینی نے کی اور نظامت کے فرائض بچوں کے سائنسی ادیب ،شاعر وصحافی امتیاز احمد انصاری انجام دئیے۔تقریب کی سب سے بڑی خوبصورتی یہ رہی کہ جوگی استھان مندر کے پجاری پنڈت للت گیری نہ صرف شریک ہوئے بلکہ اس تقریب میں خود کو شریک پاکربےپناہ خوشیوں کا اظہار بھی کیا۔پنڈت جی نے کہا کہ ہماری صدیوں پرانی تہذیب ہمیں ایک ساتھ مل خوشی اور غم منانے کی ترغیب دیتا ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال اور نفرت زدہ ماحول کا ذکر کرتے ہوئے انمول ویلفئیر سوسائٹی کے منتظمین کو محبت کی دکان کھولےجانےکو قابل تحسین اور قابل تقلید عمل قرار دیا ۔ اپنی شرکت سے محفل کے وقاربلند کرنے والوں میں اردو اور ہندی کے ممتاز شاعر خالق حسین پردیسی (بہار) اور اختر رضا انصاری (مدھوپور) کے علاؤہ رانی گنج کے منفرد لب ولہجہ کے شاعر ندیم شعبانی، تیور کے ساتھ غزل پڑھنے والےکلٹی کےشاعر اظہر عارف، شاعر و افسانہ نگار سلیم سرفراز،نسوانی جذبات کی نمائندگی کرنے والی شاعرہ شاذیہ نیازی، دھیمی سروں میں پیار بھری شاعری کرنے والی شاعرہ غزالہ تبسم،شاعر وناظم خالق ادیب،ترنم کے بادشاہ یاسین ثاقب، بی سی کالج کے صدر شعبہ اردو وشاعر ڈاکٹر جمشید احمد،ہندی کے شاعر ابدھیش کمار ابدھیش،مترنم آواز کے مالک شاعر تسلیم اختر،مزاحیہ شاعر ڈاکٹر نظر امام نباض، میزبان شاعر خورشید ادیب اور ناظم تقریب امتیاز احمد انصاری نے اپنی اپنی تخلیقات سے سامعین کو بے حد محظوظ کیا اور ڈھیروں داد بٹورے۔تقریب کاآغاز مخملی آواز کے مالک نوجوان ابوفیضان نےخورشید ادیب کی تخلیق کردہ نعت پاک اور عیدی کلام سے کیا۔ پانچ کتابوں کے خالق انجنئیر خورشید غنی نےملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مزاحیہ مضمون پیش کیا۔تقریب کے گواہ بننے والوں میں ماسٹر نیر اقبال،اشرف عالم قادی،ماسٹر محمد سلیمان ،انجنئیر قتیل احمد,وجیہہ الدین جمال ،ڈاکٹر نسیم انصاری ودیگر کے نام قابل ذکر ہیں ۔پروگرام کے اختتام پر سوئیاں ودیگر لذیذ پکوان سے تواضع کی گئی ساتھ ہی ساتھ شرکاء بزم کو عطر کا تحفہ بھی پیش کیا گیا ۔










