نعمت پور: آسنسول میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 59 میں واقع لچھی پور بھٹہ روڈ میں پانی کی شدید قلت کو دور کرنے کے لئے وارڈ کاؤنسلر محمد ذاکر حسین نے اپنے نجی فنڈ خرچ کر کے علاقے میں پائپ لائن بچھائےاور تین نکڑ وں پرنل لگاکر اس مسئلے کو حل کردیا۔وارڈ کاؤنسلر کے اس اقدام سے علاقے کے لوگوں میں خوشی کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کے دن نل کا افتتاح کرتے ہوئے وارڈ کاؤنسلر محمد ذاکر حسین نے بتایا کہ گذشتہ20 برسوں سے یہاں کے باشندے پانی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں لیکن کسی نے اس مسئلے کا حل نہیں نکالا۔انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے روزانہ صبح تین ٹنکی اور شام تین ٹنکی پانی سپلائی کیا جاتا تھا جو علاقہ کے لئے ناکافی تھا۔اکثر پانی لینے کے لئے آپس میں بحث و مباحثہ اور دھکا مکی ہوتی تھی۔ علاقائی لوگوں کے بے حد اصرار پر پائپ لائن بچھا کر نل لگائے گئے اور اس مسلہ کو کچھ حد حل کرنے کی ایک کوشش کی گئی ہے۔














