انجمن کی ٹیم پہنچی رانی گنج فہد آبو اور عدنان رضا کو گلدستہ پیش کرکے دیا مبارکباد

مدھیامک اور ہائیر سیکنڈری امتحانات میں ضلعی سطح پر سب سے نمایاں مقام حاصل کرنے والے اردو میڈیم کےخوش نصیب طلبہ کو ان کے دولت کدے پر پہنچ کرمبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ ایک عرصے سے انجمن ترقی اردو ہند، ضلع پچھم بردوان ، آسنسول نے جاری کر رکھا ہے۔حسن اتفاق سے امسال مذکورہ دونوں امتحانات میں ضلعی سطح میں ٹاپ کرنے والے طلبہ کا تعلق شہر رانی گنج کے ایک ہی اسکول یعنی رانی گنج اردو ہائی اسکول سے ہے ۔چنانچہ روایت کی پابندی کرتے ہوئے انجمن کے جنرل سکریٹری ماسٹر محمد سلیمان کی قیادت میں انجمن کےوفد میں شامل ڈاکٹر محمد انوارالحق،محمد سجاد عالم،محمد امان اللہ خان، محمد شکیل ،غلام رسول گلو اور امتیاز احمد انصاری اتوار کی شام غوث بنگالہ کے شہر رانی گنج پہنچ کر مدھیامک 2026 میں 643 مارکس حاصل کرنے والے عدنان رضا ابن ماسٹر عبدالا انعام کو گلدستہ اور مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ منھ بھی میٹھا کیا۔عدنان کے والد ماسٹر عبدالا انعام (معلم تالپوکھریا اردو جی ایس ایف پی اسکول )نے بتایا کہ عدنان کی خواہش انجنئیرنگ کرنے کی ہےاسی لئے پیور سائنس کی تعلیم حاصل کررہا ہے۔موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی کامیابی کے پیچھے بہت ساری شرائط کے ساتھ والدین کا بھرپور تعاون اور رہنمائی بھی شرط ہے۔ بعدازاں انجمن کی ٹیم ہائیر سیکنڈری ٹاپر فہد آبو(کل مارکس 470 ) کے دولت کدے پر پہنچی جہاں فہد آبو کی والدہ اور بڑی نانی نے پرتپاک استقبال کیا۔اس ہونہار طالب علم کو بھی مٹھائی کھلانےکےساتھ گلدستہ پیش کرکےانجمن کےوفد نے مبارکباد پیش کیا اور روشن مستقبل کی دعائیں دئیے ۔واضح ہوکہ فہد نیٹ کی تیاری کررہا ہے اور مستقبل میں ڈاکٹر بن کر قوم کی خدمت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔










