نیوٹاؤن واقع چھوٹا دیگھاری اسکول میں 10 بنگال بٹالین این سی سی کے زیرِ اہتمام دس روزہ کمبائنڈ اینول ٹریننگ کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے۔ بدھ کے روز میجر جنرل امن پال سنگھ چہل، سینا میڈل، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل این سی سی، مغربی بنگال و سکّم ڈائریکٹوریٹ نے کیمپ کا معائنہ کیا۔

ان کی آمد پر این سی سی کیڈٹس نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس کے بعد میجر جنرل امن پال سنگھ چہل نے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے این سی سی کی اہمیت اور اس کے فوائد پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے دور رہنے کی نصیحت کی۔ بعد ازاں انہوں نے ایک خاتون اے این او کو رینک دے کر اعزاز سے نوازا۔

معائنے کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے این سی سی کیڈٹس کے ساتھ بیٹھ کر کھانا تناول کیا اور ان سے کیمپ سے متعلق فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں مختلف اسکولوں اور کالجوں کے تقریباً 300 این سی سی کیڈٹس حصہ لے رہے ہیں۔ بارہ دنوں پر مشتمل اس کیمپ میں کیڈٹس کو وہی تربیت دی جاتی ہے جو مسلح افواج میں دی جاتی ہے، جن میں ویپن ٹریننگ، فائرنگ، میپ ریڈنگ کے ساتھ ساتھ سماج میں پیش آنے والی آفات سے نمٹنے کی تربیت بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ این سی سی کیڈٹس کے لیے یہ کیمپ بے حد اہم ہوتا ہے کیونکہ اس سے انہیں نہ صرف عملی تربیت ملتی ہے بلکہ ایک دوسرے سے سیکھنے کا بھی موقع حاصل ہوتا ہے۔
اس موقع پر گروپ کمانڈر بریگیڈیئر کے اے وششٹھ، 10 بنگال این سی سی کے کمانڈنگ آفیسر کرنل ہتیش سواریا، کرنل ایس گھوش، اے این او میں کیپٹن ارون کمار پانڈے، لیفٹیننٹ محمد غزالی خان سمیت دیگر افسران اور اہلکار موجود رہے۔











