ریاستی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان سے قبل ضلع انتظامیہ پوری طرح مستعد نظر آ رہی ہے۔ آئندہ پیر کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے پیشِ نظر آسنسول انجینئرنگ کالج میں قائم اسٹرونگ روم کا ضلع کے اعلیٰ حکام نے معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ پونّابلم ایس اور آسنسول-درگاپور پولیس کمشنریٹ کے کمشنر ڈاکٹر پرنب کمار نے اسٹرونگ روم پہنچ کر حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔ مذکورہ مرکز میں آسنسول نارتھ، آسنسول ساؤتھ، کلٹی، رانی گنج، جموڑیا اور بارابنی اسمبلی حلقوں کی ای وی ایم مشینیں محفوظ رکھی گئی ہیں۔
معائنے کے دوران حکام نے سہ سطحی حفاظتی نظام، مرکزی فورس کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت اور کنٹرول روم کی نگرانی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ ای وی ایم محفوظ رکھنے والے کمروں کی سیل اور دیگر حفاظتی انتظامات کو بھی چیک کیا گیا۔
معائنے کے بعد حکام نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی گنتی شفاف، منصفانہ اور پرامن ماحول میں مکمل کرائی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق پورے اسٹرونگ روم احاطے کو تین سطحی سیکورٹی حصار میں رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ پیر کی صبح سے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی، جبکہ دوپہر تک ابتدائی رجحانات واضح ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب گزشتہ 23 اپریل کو انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان مسلسل 24 گھنٹے اسٹرونگ روم کے باہر قائم کیمپوں میں نگرانی کر رہے ہیں، جہاں ٹی وی اسکرینوں کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔










