پچھم بردوان ضلع ہیڈ کوارٹر آسنسول کے ڈاکٹر بی سی راءے روڈ، کے ایس ٹی پی میں واقع مغربی بنگال اردو اکاڈمی کی عظیم الشان عمارت میں سنیچر کے دن یونیورسٹی، کالج، پبلک اور اسکول لائبریریوں کو گرانٹ اسکیم سال 2021 اور 2022 کے تحت کتابیں دی گئیں۔مغربی بنگال اردو اکاڈمی کولکاتا سے تشریف فرما محمد عمران علی، رضا کریم، ساجد حسین، نسیم ناصر، وینکٹ راؤ اور سید محمد رفیع اللہ اور گورننگ باڈی کے ممبر شکیل انور نے اپنے ہاتھوں سے رانی گنج گرلس کالج کے پروفیسر محمد فاروق اعظم، رحمانیہ ہائی اسکول کے مدرس احمد، علامہ اقبال اردو لائبریری، ریل پار، بہشتی محلہ کے سکریٹری عبدالمنان ، ٹی ڈی بی کالج کے پروفیسر شفقت کمال اور حاجی قدم رسول اسکول کے مدرس محمد صغیر عالم قادری کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔ غور طلب ہے کہ مغربی بنگال اردو اکاڈمی نے یونیورسٹی ، کالج، پبلک اور اسکول لائبریریوں کو گرانٹ اسکیم کے تحت سال 2021 کی 40 کتابیں اور سال 2022 کی 49 کتابیں مہیا کرائی ہیں۔علاوہ ازیں 23-2022 میں مختلف کالجز میں پڑھے گئے مقالے پر مبنی کتابیں بھی لائبریری کےلیے دی گئی ہیں۔مغربی بنگال اردو اکاڈمی کولکاتا سے تشریف فرما محمد عمران نے بتایا کہ اسکول ، کالجز ، یونیورسٹی اور پبلک لائبریری کے کل 8 لائبریریوں کو کتابیں دی جائیں گی۔ ان میں اردو لائبریری رانی گنج، کلٹی کالج، مولانا ابو الکلام آزاد لائبریری (کے ٹی روڈ، جہانگیری محلہ) ، رانی گنج گرلس کالج، رحمانیہ ہائی اسکول، علامہ اقبال اردو لائبریری ،ٹی ڈی بی کالج اور حاجی قدم رسول ہاءی اسکول کو کتابیں دی جائیں گی۔ سنیچر کے دن 8 میں سے 5 لائبریریوں کے ذمہ داران نے تمام کاغذی کاروائی کے بعد لائبریری کے لیے کتابیں حاصل کیں۔ اردو لائبریری رانی گنج، کلٹی کالج اور مولانا ابوالکلام آزاد لائبریری (کے ٹی روڈ، جہانگیری محلہ) کی کتابیں اکاڈمی کی آسنسول شاخ میں رکھی ہوئی ہیں۔اکاڈمی کے اس قدم پر گورننگ باڈی کے ممبر شکیل انور نے خوشی کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ یہ ایک قابل تحسین قدم ہے۔مغربی بنگال اردو اکاڈمی کی کوشش قابل ستائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کثیر المقاصد عمارت میں اسٹوڈنٹس کے لیے لائبریری ہفتہ میں 5 دن سنیچر تا بدھ صبح 10بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ مطالعہ کے شوقین اہل علم حضرات کی علمی تشنگی بجھانے کے مقصد سے اکاڈمی نے سیل ڈپو کا بھی قیام عمل میں لاکر انتہائی رعایتی قیمت میں کار آمد ، مفید اور نادر کتابیں فراہم کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔اکاڈمی کی مطبوعات 60سے 80 فیصد رعایت کے ساتھ سیل ڈپو میں دستیاب ہیں۔انہوں نے ایک خوشخبری سناتے ہوءے کہا کہ مغربی بنگال اردو اکاڈمی کی جانب سے آءندہ 30 اگست، 31 اگست اور یکم ستمبر 2024 سہ روزہ جشن جان عالم کا اہتمام کیا جائے گا۔اس موقع پر واجد علی شاہ کے فن و شخصیت کے حوالے سے قومی مقابلہ مضمون نویسی بھی منعقد ہوگا۔کالج اور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے لیے یہ سنہرا موقع ہے۔ طلباء و طالبات موضوع(1) واجد علی
شاہ کا سفر کلکتہ (ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء و طالبات کے لیے) اور (2) واجد علی شاہ بحیثیت مثنوی نگار،حزن اختر کے حوالے سے (بی اے اور ایم کے طلباء و طالبات کے لیے) کم از کم ڈھائی ہزار الفاظ پر مشتمل مضامین (ان پیج فاءل اور پی ڈی ایف میں )صدر شعبہ کے تصدیق نامہ کے ساتھ اکاڈمی کے ای میل آئی ڈی (jashnejaanealamwbua@gmail.com) پر آئیندہ 5 اگست 2024 تک ارسال کریں۔کتابوں کی تقسیم میں مغربی بنگال اردو اکاڈمی آسنسول شاخ کے عملہ محمد فیروز خان، محمد سیف، شہباز اختر، محمد گلزار عالم اور مسرت نے بھر پور تعاون پیش کیا۔


















